“بخت نصر”
-(بیبلونیا(بابل) کا عظیم بادشاہ)
-پیدائش : 630 قبل مسیح ؛ بابل(عراق)
-انتقال : 562 قبل مسیح
بُخت نصر یا “نبوکدنذر” بابل کا ایک بہادر اور صاحبِ تدبیر بادشاہ تھا۔ لیکن ساتھ ہی سخت ظالم و جابر بھی تھا۔
کتبِ تاریخ میں مشہور ہے کہ وہ نہ صرف ملکوں کو فتح کرتا تھا بلکہ قوموں کو غلام بنا کر اُنہیں بھیڑوں کی طرح بابل لے جاتا اور بڑے بڑے متمدن شہروں کو برباد کر کے کھنڈر چھوڑ جاتا۔
بخت نصر نے بیت المقدس کی اینٹ سے اینٹ بجا دی اور سرکش بنی اسرائیل کے ایک لاکھ سے زائد افراد کو غلام بنا کر بھیڑ بکریوں کے گلہ کی طرح ہانک کر بابل لے گیا۔
بخت نصر کا باپ “بنوپلاسر” بابل کا کلدانی شہنشاہ تھا اور اپنے باپ کا سب سے بڑا بیٹا تھا۔ اس نے ولیِ عہد کی حیثیت سے ہی کلدانی فوجوں کی قیادت کرتے ہوئے مصر فتح کیا اور ایسی زبردست فتوحات حاصل کیں کہ بابل مشرقِ وُسطٰی کی عظیم ترین فوجی طاقت بن کر اُبھرا۔
بابل سلطنتِ بیبلونیا اور کلدانی سلطنت کا دارالحکومت تھا۔
بخت نصر کا شمار بابلی یا کلدانی عہد کے عظیم ترین بادشاہوں میں ہوتا ہے۔ جس نے نہ صرف جنوب مغربی ایشیا کا بیشتر حصہ فتح کیا بلکہ اسے بابل میں عظیم الجُثّٙہ اور خوبصورت ترین عمارات کا مِعمار بھی کہا جاتا ہے۔
16 اگست 605 قبل مسیح کو کلدانی یا بیبلونیا سلطنت کے بانی “نبوپلاسر” کا انتقال ہوا۔
اپنے والد کے انتقال پر نبوکدنذر (بخت نصر) شام سے بابل واپس آیا۔ اس سے قبل اس نے شام کے شہر “کارشمیس” کے نزدیک مصری فوجوں کو شکست دی تھی۔ 7 ستمبر 605 قبل مسیح کو وہ بخت نصر ثانی کے لقب سے تخت نشین ہوا۔
بٙر سرِ اقتدار آنے کے بعد اس نے سلطنت کو مغرب کی جانب شام، فلسطین ، مصر اور عرب تک وُسعت دی۔
16 مارچ 597 قبل مسیح کو بخت نصر نے یروشلم پر قبضہ کر لیا اور “شاہ یہوسین” سمیت یروشلم کے تمام باشندوں کو قیدی بنا کر بابل لے گیا۔
595 قبل مسیح میں بابل اور 588 تا 587 قبل مسیج میں اسے “یہوداہ” (جو دیا) میں طاقتور بغاوتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
چنانچہ 586 قب مسیح میں اس نے یروشلم کو برباد کیا اور چار ہزار یہودیوں کو گرفتار کر کے بابل لایا گیا۔
572 قبل مسیح میں اس نے مصر فتح کیا۔ اس نے فونیشی شہر “طائر” (سیدون) کا 13 سال تک محاصرہ کیے رکھا اور 568 قبل مسیح میں ایک فوجی مہم مصر روانہ کی۔
اس کے عہد میں سلطنت کی زیادہ تر دولت بابل کی قلعہ بندی اور تعمیرات پر خرچ ہوئی۔ بابل موجودہ بغداد سے 55 میل دُور بجانب جنوب دریائے فرات کے کنارے آباد تھا۔ بخت نصر نے اسے دوبارہ تعمیر کرایا ۔ پُرانا شہر دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر آباد تھا۔ بخت نصر نے دریا پر پُل بنوایا اور مغربی کنارے کا ایک وسیع علاقہ بھی شہر کی حُدود میں شامل کر لیا۔ اس کے عہد میں شہر کی آبادی 5 لاکھ کے قریب تھی۔
بابل اس کے دٙور میں علم و تہذیب کا بہت بڑا مرکز بن گیا اور شہر میں بکثرت عمارتیں تعمیر ہوئیں۔
بخت نصر کی چہیتی ملکہ “امیتسیا، امتیہ” ایران کے بادشاہ “کیاکسارا” کی بیٹی تھی۔ یہ ہمدان کی رہنے والی تھی۔ ہمدان پہاڑوں کے دامن میں واقع تھا اس لیے “امیتسیا” کو پہاڑی مناظر سے قدرتی مناسبت اور دلچسپی تھی۔ اس لیے اس نے بخت نصر سے بابل کے چٙٹیٙل میدان میں پہاڑ اور اس پر باغات کی فرمائش کر ڈالی۔ بابل کے مُعٙلّق باغات بخت نصر نے دریائے فرات کے قریب بنوائے۔ ان باغات کی تعمیر کی داستان بے حد طویل اور دلچسپ ہے۔
مصنوعی پہاڑ کھڑا کرنے کی ترکیب یہ کی گئی کہ محرابوں پر محرابیں تعمیر کی گئیں۔ ہر محراب نیچے والی محراب سے چوڑائی میں چھوٹی تھی۔ یا یوں کہا جائے کہ یہ چار منزلہ عمارت تھی۔ ہر منزل میں نکلے ہوئے چبوترے تھے۔ یوں محرابوں کا ایک مصنوعی پہاڑ کھڑا کر دیا گیا۔ جو ہر محراب پر ڈالی جانے والی چھت کے باعث بنا۔ سب سے اوپری چھت زمین سے 350 فٹ اونچی اور 400 فٹ لمبی تھی۔
پھر ان چبوتروں پر مٹی کی موٹی تہہ بچھا کر اس پر درخت ، جھاڑیاں اور پھولدار پودے لگائے گئے۔ جنہیں ایشیا کے کونے کونے سے بابل لایا گیا تھا۔ دُور سے دیکھنے پر ایسا لگتا تھا جیسے یہ باغ ہوا میں لٹکے ہوئے ہیں۔
سب سے اوپری چھت پر ایک بہت بڑا تالاب بنایا گیا جس میں نلوں کے ذریعے دریائے فرات کا پانی بھرا جاتا تھا۔ پانی پہنچانے والے آلہ جات دن رات چلتے تھے جو زمین سے پانی اتنی بلندی تک پہنچاتے تھے۔ اس تالاب سے پانی کے چشمے بہتے تھے اور فوارے چھوٹتے تھے۔ باغ انہی چشموں سے سیراب ہوتے تھے۔ ان باغوں کے اونچے اونچے درخت ہوا کے جھونکوں سے ہِلتے تو معلوم ہوتا تھا کہ پہاڑ کا پہاڑ ہِل رہا ہے۔
انسائیکلو پیڈیا آف ڈیٹس کے مطابق یہ باغات 580 قبل مسیح میں تعمیر ہوئے۔ تاہم یہ معلوم نہ ہو سکا کہ یہ باغ کس زلزلے سے تباہ ہوئے یا حملہ آوروں نے انہیں تہس نہس کر دیا ہو۔ بخت نصر کا شاہی محل بھی ایک عجوبہ روزگار تھا۔
بخت نصر کا انتقال 562 قبل مسیح میں ہوا۔ خیال ہے کہ وہ آخری عمر میں پاگل ہو گیا تھا۔
بیبلونیا(بابل) اپنے عہد کا مہذب ترین ملک تھا۔ یہاں کی زبان سامی زبانوں (عبرانی، عربی) کی ماں تھی۔ لوگ مظاہر پرست تھے لیکن انہیں مذہب سے زیادہ دنیا سے دلچسپی تھی۔
انہوں نے دیوی دیوتاؤں کے معبد بھی بنائے لیکن ان سے کہیں زیادہ پُرشُکٙوہ شہر اور باغات تعمیر کیے۔ ان لوگوں نے فنونِ لطیفہ میں بڑی ترقی کر لی تھی اور علمِ ریاضی کے ماہر تھے۔ سب سے پہلے انہوں نے ہی علمِ ہیئت کو سائنس درجہ دیا۔
نوٹ ؛
ان شاءاللّٰہ بابل، میسوپوٹیمیا اور انکی قوموں کے متعلق عنقریب تفصیل سے لکھا جائیگا۔ (تحقیق جاری ہے)۔
(اِبنُ الاٙشرٙف)