مہدی سوڈانی : Mahdi Sudani
(سوڈان کی مذہبی تحریک کے رہنما۔ درویشوں کی تحریک کے بانی)
پیدائش : 1809ء، جزیرہ درار (سوڈان)۔
انتقال : 22 جون 1885ء ام درمان (سوڈان)۔
سیّد محمد احمد مہدی سوڈانی کے والد کا نام عبداللّٰہ اور والدہ کا نام آمنہ تھا۔ وہ سید تھے اور ان کے والد نجاری (ترکھان) کا کام کرتے تھے۔ ان کا وطن شمالی سوڈان کا شہر “نقولا” تھا۔ مہدی ابھی چار برس کے تھے کہ ان کے والد ترکِ سکونت کر کے جزیرہ “آبادلو” میں آباد ہو گئے۔ مہدی غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک تھے۔ تصوّف کا غلبہ بچپن ہی سے تھا۔ مہدی نے 7 برس کی عمر میں اپنی والدہ سے قرآن حفظ کیا پھر “خرطوم” کے مدرسہ خوجلی میں اعلیٰ مذہبی تعلیم حاصل کی۔
1861ء میں سلسلہ سامانیہ میں داخل ہو کر انہوں نے اپنے پِیر شیخ شریف کی 7 سال تک خدمت کی جنہوں نے اُنہیں خلافت عطا کی۔ مہدی نے خرطوم میں کچھ دنوں تک قیام کر کے دریائے نیل سفید کے ایک جزیرے “آبا” میں سکونت اختیار کی۔ یہاں انہوں نے ایک مسجد اور حجرہ تعمیر کیا جہاں ہزاروں شاگرد اُن کے گِرد جمع ہو گئے۔ اُن کے پٙیرو کار درویش کہلاتے تھے۔ سیّد موصوف ہی سوڈانی درویشوں کی مشہور تحریک کے بانی تھے۔
مہدی نے سوڈان کا وسیع دورہ کیا۔ ان کا مشن “اِحیاءُ الاِسلام” تھا۔ وہ دنیا کو برائی سے پاک کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے اسلام کو غلط رحجانات سے پاک کرنے کی تبلیغ کی۔ انگریز بھلا ایسے شخص کو کیسے برداشت کر سکتے تھے۔ انہوں نے فوراً خدیو مصر کو اپنا آلہ کار بنایا اور مہدی کے عزائم کو غلط رنگ میں پیش کر کے اس کی بیخ کٙنی پر آمادہ کیا۔ عیسائی مشنری جگہ جگہ عیسائیت کا پرچار کرنے لگے۔ ان حالات میں مہدی سوڈانی نے عٙلمِ حُرّیت بلند کیا۔
1881ء میں انہوں نے تحریکِ مٙہدوِیّت کی بنیاد رکھی اور 1882ء میں مسلّح بغاوت کا اعلان کر کے انگریزوں کے خلاف عملی جہاد میں مصروف ہو گئے۔
مہدی کی فتوحات سے برطانوی دارالعوام میں کھلبلی مچ گئی۔ مہدی کی فوج ایک سیلاب کی طرح آگے بڑھ رہی تھی۔ برطانوی حکومت نے قاہرہ میں ستمبر 1882ء میں اپنی افواج بھیج دِیں اور 1883ء میں انگریز جنرل “ولیم میکس” کی قیادت میں 10 ہزار مصری فوج مہدی کے مقابلہ کے لیے آگے بڑھی۔ مہدی نے اس فوج کو شکست فاش دی اور اس کا ایک سپاہی بھی میدان جنگ سے واپس نہ گیا۔ انگریز اس شکست سے اس قدر خوفزدہ ہوئے کہ ” ولیم بارنگ ” نے جو قاہرہ میں برطانوی ایجنٹ اور قونصل جنرل تھا۔ ستمبر 1883ء میں انگریز باشندوں کو سوڈان خالی کر دینے کا حکم دیا۔
مہدی کی فتوحات سے برطانوی پارلیمنٹ میں تہلکہ مچ گیا۔ برطانیہ کے گھر گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی۔ کوئی اس مجاہد کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہ تھا۔
آخر کار ایک نِیم مجنوں قسم کے انگریز ” جنرل گورڈن ” کو آمادہ کیا گیا کہ وہ سوڈان کو مہدی کے چُنگل سے بچائے۔
نومبر 1883ء میں مہدی نے مصری فوجوں کو شکست دے کر ” کردفان ، بحر الغزال اور سنار ” کے علاقوں پر قبضہ کر لیا۔ جنرل گورڈن 18 فروری 1884ء کو خرطوم پہنچا۔ مہدی کو معلوم ہوا تو اُنہوں نے خرطوم کا محاصرہ کر لیا۔ گورڈن کھلے میدان میں مہدی کا مقابلہ کرنے سے گھبراتا تھا۔ چنانچہ اس نے سوچا کہ قلعہ بند ہو کر مقابلہ کیا جائے ۔ شاید انگریز فوج کی کمک آجائے ۔ وہ بھاگ بھی نہیں سکتے تھے کیونکہ مہدی کی فوج نے محاصرہ کر رکھا تھا۔ ادھر گورڈن کی امداد کے لیے جو برطانوی فوج ” ہربرٹ سیٹوارٹ ” کی قیادت میں روانہ کی گئی وہ راستے میں ہی ختم کر دی گئی ۔ رابرٹ مارا گیا اور اس کی فوج کا کوئی سپاہی اطلاع پہنچانے کے لیے بھی باقی نہ بچا۔
گورڈن ابھی تک قلعے میں چھپا بیٹھا تھا اور نکلنے کی ہمت نہیں رکھتا تھا۔ آخر کار مہدی نے ایک زبردست حملہ کر کے 26 جنوری 1885ء کو خرطوم پر قبضہ کر لیا۔ جنرل گورڈن مارا گیا۔ گورڈن کی موت سے برطانیہ میں صفِ ماتم بچھ گئی۔ انگریزوں نے اپنے سارے روایتی اور اوچھے حربے استعمال کرنے کا تہیہ کر لیا۔
فتح خرطوم کے صرف پانچ ماہ بعد مہدی سوڈانی اپنے قائم کردہ دارالحکومت “ام درمان” میں بعارضہ چیچک انتقال کر گئے۔ خلیفہ عبداللّٰہ ان کے جانشین بنے لیکن وہ حکومت کی عظیم ذمہ داریاں سنبھالنے میں ناکام رہے۔
1896ء میں برطانوی اور مصری فوجوں نے جنرل “ہوراٹیو ہر برٹ کچز” کی قیادت میں سوڈان پر قبضہ کر لیا۔
درویشوں نے 1898ء تک انگریزوں کے خلاف جہاد جاری رکھا۔ کچز نے دریشوں پر “ام درمان” کی جنگ میں فتح پائی۔
کچھ نے مہدی سوڈانی کی قبر کھدوا کر ان کی لاش نکالی۔ سر کاٹا اور سر کی نمائش کرائی اور ان کے مقبرے کو توپوں کی گولہ باری سے تباہ کر دیا۔ مہدی کی کھوپڑی اس غرض سے پاس رکھ لی کہ اسے دوات بنائے گا۔ مُدیرینِ انگلستان کو یہ اطلاع ملی تو ملعون کچز کے خلاف ناراضی کی ایک لہر اٹھی اور اس نے گھبرا کر کھوپڑی کو کسی غیر معروف مقام پر دفن کر دیا۔
باقی کا جسد جسے کچز نے جلا ڈالا تھا وہ شہر “ام درمان” (سوڈان) میں دفن کر دیا گیا۔
آپکا مزار آج بھی مسلمانوں کی جائے عقیدت ہے۔
اِبنُ الاٙشرٙف