حاتم طائی : Hatim-Al-Tai
(زمانہءِ جاہلیت کا نامور شاعر اور غیرمعمولی مہمان نواز اور سخی)۔
“حاتم الطائی بن عبداللّٰہ بن سعد بن الحشرج الطائی القحطانی”
زمانہ جاہلیت کا ایک مشہور شہسوار اور شاعر تھا جو چھٹی صدی عیسوی کے نصف ثانی سے لے کر ساتویں صدی کے آغاز تک زندہ رہا۔
یہ عرب کے مشہور قبیلے”طے” کا سردار، اپنی نیکی، شرافت، مہمان نوازی، دریادلی اور سخاوت کے باعث قبائلِ عرب میں بہت مشہور تھا۔ چنانچہ مہمان نوازی اور سخاوت کرنے میں اس نے اپنی ضروریات کی کبھی پرواہ نہیں کی۔ اس کے متعلق بہت سی حکایات زبانِ زد خاص و عام ہیں۔
حاتم طائی کے اندر سخاوت کا جذبہ بچپن ہی میں ظاہر ہو گیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اس کے دادا نے اس کے بچپن ہی میں ساتھ چھوڑ دیا تھا جس کی سرپرستی میں اس نے پرورش پائی تھی۔ کیونکہ اس کا والد عین جوانی میں وفات پا گیا تھا۔
عام روایت کے مطابق جو اس کے بارے میں کی جاتی ہے وہ قبل از اسلام کے عربوں کے لیے بہترین نمونہ تھا۔ اس کی فیاضی ضرب المثل تھی۔ اسی وجہ سے اسے “جوّاد” یا “اٙجوٙد” کہتے تھے۔
بعض روایات میں تو یہاں تک کہا گیا ہے کہ وہ اپنی وفات کے بعد بھی جو غالباً نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی پیدائش کے 9ویں سال واقع ہوئی تھی۔ وہ لوگوں کی حاجت برداری کیا کرتا تھا جو اس کے مزار پر جا کر اس کی مہمان نوازی کے طلب گار ہوتے تھے۔(واللّٰہ تعالی اعلم بالصواب)۔
حاتم طائی کا مزار غالباً بلادِ طے کے ایک پہاڑ کے اوپر تھا جو “تنغہ” وادیِ حائل کے کنارے واقع تھا۔ کہتے ہیں کہ وہ یہیں رہا کرتا تھا۔ اس کے مزار کے دائیں اور بائیں جانب پتھر کی چار مورتیاں تھیں۔ جن کی شکل لڑکیوں کی سی تھی اور جو بال بکھیرے ہوئے اس کے مدفن پر نوحہ کر رہی تھیں۔ اس کے مزار کے قریب اس بڑی دیگ کے باقی ماندہ ٹکڑوں کی بھی نمائش کی گئی تھی جس میں سے وہ اپنے مہمانوں کو کھانا کھلایا کرتا تھا۔
تاریخی مصنف (Palgrave) کا بیان ہے کہ یہ مزار اس علاقے میں اب تک مشہور و معروف ہے۔
حاتم طائی حضور نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بِعثٙت سے پہلے فوت ہو چکا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ جب وہ فوت ہوا تو آقا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر مبارک اس وقت 9 سال تھی۔
جب قبیلہ “طے” کے افراد جنگی قیدیوں کی حیثیت سے حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی خدمت میں پیش کیے گئے تو ان میں حاتم طائی کی بیٹی “سفانہ” اور بیٹا “عدی بن حاتم” بھی شامل تھے۔ سفانہ جب گرفتار ہو کر دربارِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم میں پیش ہوئی تو اس نے نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے سامنے اپنے باپ کی نیکی، سخاوت اور فیاضیوں کا ذکر کیا۔ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اس کو رہا کرنے کا حکم دیا لیکن سخی اور باہمت باپ کی بیٹی نے عرض کی کہ (یا رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم) یہ کیوں کر ممکن ہے کہ میں آزادی کا لطف اٹھاؤں اور میرے قبیلے کے مرد و زٙن آپکی قید میں رہیں۔
چنانچہ سخی باپ کی بیٹی کے یہ الفاظ سن کر آقا صلی اللّٰہ علیہ وسلم بہت متاثر ہوئے اور ارشاد فرمایا کہ حاتم طائی اسلامی اخلاق کا بہترین نمونہ تھا اور سب قیدیوں کو اسی وقت رہا کر دیا گیا۔
حاتم طائی ایک بہترین شاعر بھی تھا۔ وہ النابغہ، بِشر بن ابی خازم اور عبید بن الابرص جیسے شعراء کا ہمعصر تھا۔ حاتم طائی کا دیوان پہلی بار “رزق اللّٰہ حسون” نے لندن سے 1872ء میں شائع کیا۔ بعد میں دیوان کا ترجمہ جرمن زبان میں چھپا۔
عدی رضی اللّٰہ تعالی عنہ بن حاتم طائی :
یہ حاتم طائی کے بیٹے ہیں جو بعد میں اسلام قبول کر کے حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے صحابی بنے۔ انہیں “ابو ظریف” بھی کہتے ہیں۔ قبیلہ کی سرداری بھی انہیں باپ سے ورثے میں ملی۔ حضرت عدی رضی اللّٰہ تعالی عنہ نے نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے اعلٰی اخلاق اور ایثار سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا۔
یہ واقعہ 630ء (9ھ) کا ہے۔
نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم کے دنیا سے ظاہری طور پر پردہ فرمانے کے بعد حضرت عدی رضی اللّٰہ تعالی عنہ اپنے ایمان پر قائم رہے اور فتنہ کے دوران انہوں نے اپنے قبیلے کو مرتد ہونے سے بچائے رکھا۔ بعد ازاں انہوں نے عراق کی فتح میں حصہ لیا اور حضرت عثمانِ غنی رضی اللّٰہ تعالی عنہ سے نہرِ عیسٰی پر جاگیر پائی۔
جنگِ جمل میں حضرت عدی رضی اللّٰہ تعالی عنہ حضرت علی رضی اللّٰہ تعالی عنہ کے ماتحت لڑے۔ بعد ازاں جنگِ صفین میں لڑے جس میں ان کے تین بیٹے شہید ہو گئے۔
اس جنگ میں ان کی ایک آنکھ جاتی رہی۔ بعد میں وہ “کوفہ” (شہر) میں رہنے لگے۔ حضرت عدی رضی اللّٰہ تعالی عنہ نے اپنے والد کی طرح سخاوت کا سلسلہ جاری رکھا۔
انسانوں کو تو ایک طرف،،، وہ جانوروں اور کیڑے مکوڑوں کو بھی روزانہ خوراک ڈالتے تھے۔
حضرت عدی رضی اللّٰہ تعالی عنہ بن حاتم نے 120 برس عمر پائی اور 687ء (68ھ) میں اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
(اُسدُالغٙابٙة فِی مٙعْرِفٙةِ الصِّحٙابة)
اِبنُ الاٙشرٙف