روشن ہمِیں سے منزلِ ہستی کے مرحلے ؛
روشن ہمِیں سے منزلِ ہستی کے مرحلے
ہم کارواں کے ساتھ بہت دُور تک چلے۔
اِس شامِ غم کے بعد ہے اِک ایسا راستہ
جس میں چراغ جلتے ہیں ظُلمات کے لیے۔
اِک عہدِ نٙو بھی اپنا مداوا نہ کر سکا
لُطف و عطا کی گود میں جُور و سِتم پلے۔
چھیڑیں کسی کے گیسوئے برہم کی داستاں
رنج و اٙلٙم کی رات کسی طرح تو ٹلے۔
جلتی رہِیں دیارِ محبت کی مِشعلیں
کیا جانے آفتابِ تمنا کہاں ڈھلے۔
پھرتے ہیں لوگ چاک گریباں گلی گلی
مجروح زندگی کو لگائے ہوئے گلے۔
ساغر سُلگ رہی ہے شگوفوں کی چاندنی
سیرِ چمن کو نکلے ہیں دو چار دل جلے۔
(ساغر صدیقی)
اِبنُ الاٙشرٙف