بابا گُرو نانک : Guru Nanak
(سِکھ مذہب کے بانی)
پیدائش : 21 نومبر 1469ء، ننکانہ صاحب (شیخو پورہ)۔
انتقال : 22 ستمبر 1539ء، کرتار پور (نارووال)۔
بابا گرونانک دیو جی ، رائے بھوئے تلونڈی (شیخو پورہ) میں ایک کھتری گھرانے میں پیدا ہوئے۔ والد کا نام “کلیان داس جی” یا “مہتا کالو جی” تھا۔ مہتا کالو کی شادی خاندان ہی کی خاتون “ترپنا دیوی” سے ہوئی جن کے بطن سے بابا گرونانک کا جنم ہوا۔ چونکہ یہ پیدائش نانا کے گھر ہوئی تھی اس لیے ان کا نام نانک رکھا گیا۔ مورخین کے مطابق نانک نام کی دوسری وجہ ان کی بڑی بہن نانکی کی مناسبت سے رکھنا بھی بتایا جاتا ہے۔
ان کی ذات کھتری ، قبیلہ بیدی اور پیشہ کاشتکاری تھا۔ گرو نانک بچپن سے ہی انتہائی ذہین اور تنہائی پسند تھے۔ حروفِ ابجد سے شناسائی کا ابتدائی درس انہوں نے اپنے پڑوسی “مولوی قطب الدین” سے حاصل کیا۔ ان کے دوسرے استاد اہلِ کرامت بزرگ “سیّد مِیر حٙسن” تھے جنہوں نے گُرونانک کو علم کے ساتھ ساتھ کٙشف کے گہرے رمُوز سے بھی رُوشناس کرایا۔
ایک روایت کے مطابق بابا گرونانک کے والد نے تعلیم کے حصول کے لیے انہیں ایک ہندو استاد “پانڈا جی” کے پاس بھیجا جنہوں نے گرونانک کو تعلیم کی ابتداء “الف” سے کروائی۔ الف کے بعد جب پڑھانا چاہا تو گرونانک نے استاد سے سوال کیا کہ پہلے “الف” کے معانی و مطلب بتائیں۔ پانڈا جی لاجواب ہو گئے۔ انہوں نے گرونانک کے والد کو کہا کہ آپ کا بیٹا میری تعلیم کامحتاج نہیں بلکہ اسے قدرت نے خود تعلیم سے نواز دیا ہے۔
گرونانک کی پیدائش کے وقت سادات عہد کے آخری حکمران “علاؤ الدین” کی حکومت ختم ہوئی اور لودھی خاندان کی حکومت شروع ہوئی۔
20 برس گزر چکے تھے۔ یہ وہ دٙور تھا جب سیاسی تبدیلیوں کے باعث عوام انتشار کا شکار تھے اور کسی کے جان و مال کو تحفظ حاصل نہ تھا۔ “ہندومٙت” کے سائے گہرے تھے۔
گرونانک کو دنیاوی کاروبار سے کوئی دلچسپی نہ تھی۔ گیان دھیان میں مصروف رہتے تھے۔ ہندی، سنسکرت اور فارسی کی تعلیم مختلف اساتذہ سے حاصل کی۔
زندگی کا ابتدائی دٙور “سلطان پور” کے رئیس “دولت خان لودھی” کے پاس گزرا۔
12 ستمبر 1487ء کو “گرداسپور” کے ایک کھتری مولچند کی بیٹی مایہ لکھنی . ماتہ سلکھنی سے شادی کی جن سے دو بیٹے پیدا ہوئے۔
بابا سری چند 1494ء میں اور مُکھی چند 1496ء میں پیدا ہوا۔
ان کا دل دنیا میں نہ لگا۔ 1497ء میں ترک دنیا کر کے تین رفیقوں کے ساتھ سیرو سیاحت شروع کردی۔ مختلف علاقوں اور ملکوں میں پھرتے رہے۔
بابا گرونانک مرنجاں مرنج بزرگ تھے۔ وہ خدا کی وحدت کے پکّے معتقد اور بت پرستی سے بیزار تھے۔ انہوں نے لوگوں کے لیے ایسا طریقہ اختیار کیا جس میں کسی کے لیے دل آزاری کی گنجائش نہ تھی۔ سب مل جل کر رہتے اور ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔ اگرچہ وہ ہندو تھے مگر چھوت چھات کے قائل نہ تھے۔ بابا گرونانک نے “سِکھ دٙھرم” کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کئی ایسی چیزیں اختیار کر لیں جو اسلام کے عین مطابق تھیں۔ وہ تمام مذاہب کے اتحاد کے علمبردار تھے اور ان کی تعلیمات میں توحید کے عقیدے پر بڑا زور دیا گیا ہے۔
1504ء میں دریائے راوی کے کنارے گرونانک نے ایک بستی کی بنیاد رکھی جسے یہ “کرتار پور” کہنے لگے۔ یہ نارووال (سیالکوٹ) میں واقع تھی۔ بابا نے اپنے پیرو کاروں کی ایک جماعت پیدا کی جو سِکھ کہلائے۔
زندگی کے آخری دٙور میں گروجی کرتار پور میں مقیم ہو گئے اور 22 ستمبر 1539ء کو یہیں وفات پائی۔ اس جگہ کو دربار صاحب کرتار پور ڈیرہ بابا نانک کہتے ہیں۔ اس نام کا ایک اور قصبہ جالندھر میں بھی ہے۔
گرونانک کی تعلیم یہ تھی کہ خدا ایک ہے۔ وہ ہر شے کا خالق، قادر مطلق اور علیم و خبیر ہے اور ہمیں اسی کی عبادت کرنی چاہیے۔ خدا کو پانے کے لیے مرشد یا سچے گُرو کی پیروی کرنا ضروری ہے۔ جو خدا کو پالیتے ہیں انہیں ابدی زندگی مل جاتی ہے۔ گرو جی ستی کی رسم کے بھی خلاف تھے جس میں خاوند کی موت پر اس کی بیوی کو بھی زندہ جلا دیا جاتا تھا۔ وہ بیواؤں کی شادی کے حق میں تھے۔ بابا گرونانک کی مکمل سوانح حیات سِکھ تاریخ کی کتاب “نانک پرکاش” میں درج ہے۔
اِبنُ الاٙشرٙف