ارخی لوخوس : Archilochus ؛
(قدیم یونان کا ایک شاعر اور فنِ شعر میں طرزِ نو کا بانی)۔
پیدائش : 680 قبل مسیح ۔
وفات : 640 قبل مسیح ۔
ارخی لوخوس پہلا شاعر ہے جس کے کلام کو اس کے ہم وطنوں نے لکھ کر محفوظ کرنے کی کوشش کی۔ ارخی لوخوس پاروس نامی جزیرے کا رہنے والا تھا۔ اس کا باپ اعلٰی طبقے سے اور ماں لونڈی تھی۔ چنانچہ اسے باپ کی جائز اولاد نہیں سمجھا جاتا تھا۔
اس کی سماجی حیثیت غیر متعیّن تھی۔ نا تو وہ اشرافیہ میں شمار ہوتا تھا اور نہ گھٹیا لوگوں میں۔ مشہور ہے کہ وہ منہ پھٹ آدمی تھا اور اس کی کسی سے نہ بنتی تھی۔
ارخی لوخوس صرف شاعر ہی نہ تھا بلکہ پیشہ ور سپاہی، ملاح اور سیلانی بھی تھا لیکن شاعر کی حیثیت سے مشہور ہوا۔
یونانیوں کے خیال میں وہ فنِ شعر میں طرزِ نو کا بانی تھا اور اسے “ہومر” کے پائے کا شاعر سمجھا جاتا تھا۔ ارخی لوخوس کے زمانے سے پہلے کسی شاعر کے کلام کو قلمبند کرنے کا رواج نہ تھا۔
صرف پیشہ وٙر نظم خواں اپنی سہولت کی خاطر رزمیہ نظموں کی نقول ساتھ رکھتے تھے۔ ارخی لوخوس کے کمالِ فن کی وجہ سے یہ ایک بڑی تبدیلی ظہور میں آئی کہ اہلِ نظر کو پہلی بار یہ احساس ہوا کہ ان کے درمیان ایک ایسا سُخنوٙر موجود ہے جس کی نظموں کو محفوظ کیا جانا چاہئے۔
قدیم یونان میں ارخی لوخوس کے کلام کو جمع کرنے اور محفوظ رکھنے پر بھرپور توجہ دی گئی۔
ارخی لوخوس کے پردادا نے شمال میں “تھراکیا” کے ساحل کے نزدیک سوئس نامی جزیرے پر جہاں سونے کی کانیں تھیں ایک نوآبادی قائم کی تھی۔ اہلِ تھراکیا اس نو آبادی پر حملے کرتے تھے اور نوآباد کاروں کو غالبا ایک دو بار اس وجہ سے نکلنا بھی پڑا تھا۔ جب ارخی لوخوس کا باپ ایک نئی مہم کے لیے سوئس روانہ ہوا تو اس نے ارخی لوخوس کو ساتھ چلنے کی دعوت دی۔ یوں ارخی لوخوس کی سپاہ گری کا آغاز ہوا۔
سپاہ گری کا پیشہ اپنانے کے بعد وہ یونان بھر کی خاک چھانتا پھرا لیکن آخر کار پاروس لوٹ آیا۔ اس وقت تک وہ بطور شاعر بہت مشہور ہو چکا تھا اور عزیزواقارب نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔
اسے اس لیے بھی گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا کہ پاروس اور قریبی جزیرے ناکسوس میں ہمیشہ ٹھنی رہتی تھی۔ اپنے جزیرے کی حفاظت کے لیے وہ ناکسوس والوں سے لڑتا رہا۔
ایک بار سازش، دھوکے یا اپنی غلطی سے ان کے ہتھے چڑھ گیا اور 640 قبل مسیح میں قتل کر دیا گیا۔
یوں دو جزیروں کی باہمی چپقلش نے ایک عظیم شاعر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ارخی لوخوس کی بعض نظمیں مئے نوشی اور جنسی اختلاط کے بارے میں ہیں۔
ہم جنس پرستی سے اسے مطلق سروکار نہیں۔ جنسی ملاپ یا جذبات کو بیان کرنے والی نظموں میں جہاں بے ساختہ شیفتگی کی نرماہٹ اور حسّیاتی لطافت ہے وہاں شہوانیت بھی ہے۔
ابنُ الاٙشرٙف