مارٹن لوتھر : Martin Luther
(جرمنی میں پروٹسٹنٹ فرقہ کا بانی)۔
پیدائش : 10 نومبر 1483ء (جرمنی)۔
انتقال : 18 فروری 1546ء، ایزلین (جرمنی)۔
عیسائی مبلغ اور جرمن راہب مارٹن لوتھر (Martin Luther) جرمنی کے ایک قصبہ “سکسنی” میں ایک کان کن “مسٹر پانس” کے گھر پیدا ہوا۔ اس نے ارفرٹ کے کیتھڈرل سکول اور یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی اور 1505ء میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں قانون کے مطالعہ میں مگن ہو گیا۔ 19 برس کی عمر میں اس نے رہبانیت اختیار کر لی۔
17 جولائی 1505ء کو “آگسٹین” کے حلقے میں شریک ہو گیا اور با قاعدہ مذہبی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پادری بن گیا۔
1508ء میں وٹن برگ یونیورسٹی میں فلسفہ کا لیکچرار مقرر ہوا۔ 1511ء میں اپنی ایک جماعت کے ہمراہ روم گیا اور وہاں پادریوں کی مادی زندگی دیکھ کر ششدر رہ گیا۔ چنانچہ روم کے دورے کے بعد پوپ اور رومن کیتھولک عقیدے سے منحرف ہو گیا۔
1517ء میں اس نے منشیات اور عیش پرستی کے خلاف 95 بنیادی عقیدے وضع کیے۔ اس نے عیسائی مذہب کے رومن کیتھولک عقیدے کے خلاف اپنے 95 مقالے جرمنی کے شہر “وٹن برگ” میں گرجا گھر کے دروازے پر چسپاں کر دیئے۔
مارٹن لوتھر کی اس حرکت سے کلیسائی حُکام غیض و غضب میں آگئے اور انہوں نے مارٹن لوتھر کو بد عقیدہ قرار دے دیا۔ 1518ء میں اس نے “آگس برگ” کے مقام پر اپنا عقیدہ ترک کرنے سے انکار کر دیا۔
1520ء میں اس نے جرمنی کے عیسائی نوابوں کے نام اصلاحِ چرچ کے موضوع پر ایک مقالہ پیش کیا۔ 1521ء میں اس پر ایک مذہبی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا۔ جس میں اس نے اپنے عقائد واپس لینے سے انکار کر دیا۔ چنانچہ اسے جماعت سے باہر کیے جانے کا باضابطہ اعلان ہوا۔
مارٹن لوتھر نے اپنی بقیہ زندگی اپنے عقائد کی تبلیغ میں صٙرف کی اور اپنے پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد قائم کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ مارٹن لوتھر کے یہ پیروکار “پروٹسٹنٹ” کہلاتے ہیں اور ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔ اس کا زیادہ تر وقت کیتھولکوں اور دوسرے فرقوں کے مصلحِین کے ساتھ جھڑپوں میں گزرا۔
1525ء میں اس نے ایک سابق راہبہ کیتھرائن فان بورا سے شادی کی جس سے اس کے 6 بچے ہوئے۔
مارٹن لوتھر نے بائبل کا ترجمہ لاطینی سے جرمن زبان میں کیا۔ اس کی تمام تصانیف ایک ہی جِلد میں 1534ء میں شائع ہوئیں۔ متعدد مناظرہ کی کتابیں لاطینی اور جرمنی میں لکھیں۔ جن میں (Table-Talk) بہت مشہور ہے۔
حضرت عیسٰی (علیہ السّلام) کے آخری طعام کے بارے میں اُسے بہت سی تفاصیل میں اختلاف تھا۔ اسی بِنا پر “پروٹسٹنٹ” دو مختلف گروہوں میں تقسیم ہو گئے۔
اس کے دو رسالے لوتھری مسلک کے بنیادی مسائل کے حامل ہیں۔ 1532ء میں نورنبرگ کے مقام پر کیتھولک فرقے نے اس کے ساتھ مصالحت کر لی۔
جرمنی کے جس علاقے میں لوتھر رہتا تھا یہ کچھ عرصے تک ایک الگ مُلک یعنی مشرقی جرمنی رہا ہے۔ مشرقی جرمنی کی حکومت کو مذہب سے کوئی دلچسپی نہیں تھی لیکن پھر بھی سن 1983ء میں اس حکومت نے لوتھر کی 500 ویں سالگرہ منائی۔ اس حکومت نے لوتھر کو جرمن تاریخ اور تہذیب کی عظیم شخصیت قرار دیا۔
اسکے علاوہ ایک کیتھولک عالِم نے کہا کہ ”لوتھر نے لوگوں پر جتنا اثر کِیا ہے اُتنا اُسکے بعد کسی اَور نے نہیں کیا۔ ایک اور عالِم نے کہا کہ پوری دُنیا میں لوتھر کے بارے میں ہر سال کمازکم 500 کے قریب کتابیں لکھی جاتی ہیں۔
فروری 1846ء میں لوتھر جب اپنے آبائی شہر ایزلین میں دم توڑ رہا تھا تو اُسکے دوستوں نے اُس سے پوچھا کہ؛
“کیا تم ابھی بھی اپنی تعلیمات پر قائم رہو گے؟”
لوتھر نے کہا، جیہاں !
لوتھر تو فوت ہو گیا لیکن آج عیسائیت کی ایک بڑی تعداد اُسکے پیروکاروں میں شامل ہے۔
لوتھر صرف ایک ہی شرط پر توبہ کرنے کو تیار تھا اور وہ یہ کہ اُسکے مخالفین بائبل سے اُسے جھوٹا ثابت کریں۔
بحوالہ ؛
(عالمی شخصیات کا انسائیکلو پیڈیا)
اِبنُ الاٙشرٙف