داریوش : DARIUS؛
ایران کے تین مشہور شہنشاہ اور فاتح ؛
داریوش اوّل ؛
داریوش یہ ایران کا سب سے مشہور شہنشاہ جو ہخامنشی خاندان سے تھا۔ 550 قبل مسیح میں پیدا ہوا اور 521 قبل مسیح میں کمبوجیہ کی وفات اور غاصب گومتا کے قتل کے بعد مدائن کے تخت پر بیٹھا۔ یہ ہستاسپ کا بیٹا تھا جو زرتشتی مذہب کا پیرو کار تھا۔ تین سال تک اندرونی بغاوتوں کو فرو کرنے میں مصروف رہا۔ پھر سلطنت کے لیے نظم و نسق کی اصلاح کی طرف متوجّہ ہوا۔ سلطنت کو 28 صوبوں میں تقسیم کیا۔ ان میں گندھارا، مکران، بلوچستان، عرب اور مصر قابلِ ذکر ہیں۔ ہر صوبے میں ایک کے بجائے تین حاکِم (گورنر جنرل اور وزیر) مقرر کیے جنکو مساوی اختیارات حاصل تھے۔
یہ پہلا ایرانی فرمانروا تھا جس نے دھات (سونے) کے سِکّے رائج کیے۔ “سوسا” سے “سارویس” (ایشیائے کوچک) تک 1500 میل لمبی سڑک بنوائی اور ایک نہر کھود کر بحیرہ روم کو بحیرہ قلزم سے ملایا۔ اس نے ایک بڑی فوج بنائی پھر 80 ہزار فوج لے کر وہ سیلتھیا قوم پر حملہ آور ہوا اور دریائے ڈینیوب کے دہانے تک پہنچ گیا۔ واپسی پر “تھریس” اور “مقدونیہ” (شمالی یونان) پر قبضہ کیا۔ کچھ عرصہ بعد مشرق کا رُخ کیا اور پنجاب اور سندھ کو اپنی سلطنت میں شامل کر لیا۔ اس کے ایک جنرل “سکائی کس” نے سکندر سے کئی سو سال پیشتر دریائے سندھ کا شمال سے جنوب تک سفر کیا۔ داریوش یا دارا اوّل کے عہد میں ایشیائے کوچک، شمالی یونان، مصر، عرب، شام، عراق، افغانستان اور سندھ و پنجاب ایرانی سلطنت کا حصہ تھے۔ دنیا میں اتنی بڑی سلطنت پھر کبھی قائم نہیں ہوئی۔ اس کا جنوبی دارالحکومت “پری پولس” تھا۔ اس کے کارنامے استخر اور کوہ بیستون کی چٹانوں پر کئی زبانوں میں کندہ ملے ہیں۔ وہ زرتشی مذہب کا پیرو تھا۔ 492 قبل مسیح میں اس نے ایک مہم یونان کے خلاف روانہ کی جسے نیراتھن کے مقام پر شکست ہوئی۔
486 قبل مسیح میں جب اس کی موت واقع ہوئی تو وه یونان پر دوسرے حملے کی تیاریاں کر رہا تھا۔
داریوش دوم ؛
داریوش یا دارا دوم 424 قبل مسیح میں تخت نشین ہوا۔ یہ اُرد شیر اوّل کا بیٹا تھا جو ایک کنیز کے بطن سے پیدا ہوا۔ اسے “اوچس” یا ناتھس بھی کہتے ہیں۔ اس نے اپنی بہن پریاستس سے شادی کی اور تمام عمر اپنی اس ملکہ اور خواجہ سراؤں کے زیرِ اثر رہا۔ اس کے عہد میں ایران میں بکثرت بغاوتیں ہوئیں اور سلطنت کا زوال شروع ہوا۔ اس نے ایتھنز کے خلاف سپارٹا کی حمایت کی۔ اس نے 404 قبل مسیح تک حکومت کی جب اسکی موت واقع ہوئی۔
داریُوش سوم ؛
دور حکومت (336قبل مسیح تا 330قبل مسیح) یہ دو “دارا” ہے جو سکندرِ اعظم کے ایران پر حملے کے دوران مارا گیا۔ یہ ہخامنشی خاندان کا آخری بادشاہ تھا جو اُردشیر سوم کے بعد تخت پر بیٹھا۔
اسے ” کڈومیس” (Codomannus) بھی کہتے ہیں۔ اُردشیر نے اسے آرمینیا کی گورنری دے رکھی تھی۔ بڑا لائق اور دلیر تھا۔ 334قبل مسیح میں اس نے 30 ہزار پیادہ اور 5 ہزار سوار فوج کے ساتھ ایشیائے کُوچک کے فوجی اہمیت کے حامل بڑے بڑے شہر فتح کر لیے۔
اس نے “اسس” اور اربیلا کی جنگوں (331 قبل مسیح) میں سکندر کی فوجوں کا بہادری سے مقابلہ کیا مگر شکست کھائی اور شمال کی طرف فرار ہو گیا۔ اس کی شکست کا سب سے بڑا سبب یہ تھا کہ اس کی فوج غیر ملکیوں بالخصوص یونانیوں پر مشتمل تھی۔
فرار ہوتے ہوئے یہ باختر کے ایرانی گورنر “بےسس” کے ہاتھوں گرفتار ہوا۔ سکندر نے دارا کا تعاقب کیا لیکن جس وقت وہ دمغان پہنچا تو اسے ایرانی کیمپ میں دارا کی تڑپتی ہوئی لاش ملی۔ یہ 330 قبل مسیح کا واقعہ ہے۔ دارا کا قاتل “بے سس” فرار ہو چکا تھا۔ دارا کے قتل کے ساتھ ہی کوروشِ (سائرس ) اعظم کا حکمران خاندان بھی تمام ہوا اور ایرانی سلطنت کا خاتمہ ہو گیا۔
اِبنُ الاٙشرٙف