سائرس اعظم : Cyrus The Great؛
عظیم الشان ایرانی سلطنت کا بانی اور مشہور ایرانی فاتح؛
سائرسِ اعظم جنوب مغربی ایران کے صوبہ پرسس میں پیدا ہوا۔ محققین کے مطابق جب اس نے جنم لیا تو اس کا آبائی علاقہ میڈیوں کی سلطنت میں شامل تھا۔ اس کے باپ کا تعلق مقامی سرداروں کے ایک ایسے سلسلے سے تھا جو میڈیا بادشاہوں کے لگان دار تھے۔
558 قبل مسیح میں موجودہ دٙور کے جنوب مغربی ایران کے خانہ بدوشوں کا یہ سردار سائرس انشان نامی ریاست کا حاکم بنا جو میڈیا کی بادشاہت کے زیرِ اثر تھا ۔ اس نے مختلف قبائل کو جمع کیا اور غیر معمولی فتوحات حاصل کرتے ہوئے میڈیوں، لیڈیوں اور بابلیوں کی سلطنتوں کو تہہ و بالا کر دیا۔ بعد ازاں اس نے قدیم مشرقِ وُسطٰی کے ایک بڑے حصے کو ایک ہی ریاست کی صورت میں متحد کیا جو ہندوستان سے بحیرہ روم تک پھیلی ہوئی تھی۔
ہخامنشیوں کے جدِّ امجد “کابی سیس” کے بیٹے کی حیثیت سے سائرس نے خود کو ایک اہل حکمران ثابت کیا اور بالآخر ہخامنشی شاہی خانوادے کا بانی کہلایا۔ جس نے صدیوں ایران پر حکومت کی۔ چند سال بعد 553 قبل مسیح میں شہنشاہ کے خلاف تین سالہ بغاوت اور جنگ کے بعد اس پر غلبہ پانے میں کامیاب ہوا۔ یہ ایک فارسی سردار کی میڈیوں کے خلاف حیران کن فتح تھی۔
قرآنِ مجید میں بیان کردہ بعض نشانیوں کے مطابق یہی سائرس دراصل ذوالقرنین تھا جسے عبرانی میں خورس، یونانی میں سائرس اور عربی میں خسرو کہا جاتا ہے۔ تاریخ اس بے مثل فرمانروا کو سائرسِ اعظم کے لقب سے یاد کرتی ہے۔ البتہ ایرانی اپنی زبان میں اسے “کٙورُوشِ اعظم” کہتے ہیں۔
سائرس اعظم کی ماں مازندان پارس یا فارس کے بادشاہ “آستیاگس” کی بیٹی تھی۔ جس کی شادی ایک چھوٹی سی ریاست انشان کے حاکم کمبوجیہ سے ہوئی تھی۔ انگریزی میں اسے کابی سیس کہتے ہیں۔ حالات نے ایسی کروٹ کھائی کہ آستیاگس اپنے داماد یعنی کمبوجیہ کا دشمن ہو گیا۔ کمبوجیہ نے بابل کے بادشاہ “نیونید” سے فوجی امداد مانگی اور نو عمر سائرس کو اس کا سپہ سالار بنا کر سر کے خلاف لڑائی کے لیے بھیجا۔ نانا اور نواسے کی فوجوں میں تین سال لڑائی ہوتی رہی اور بالآخر 549 قبل مسیح میں سائرس نے فتح حاصل کرلی۔
کہا جاتا ہے کہ سائرسِ اعظم کی سلطنت اس قدر وسیع تھی کہ مورخین کے مطابق اس وقت کی تمام مہذب دنیا اس کی تابع فرمان تھی۔ سائرسِ اعظم “پارتھی” قبائل کی حسین ترین ملکہ “تومیرس” سے شادی کا خواہش مند تھا لیکن ملکہ نے اس عظیم فاتح کی خواہش کو ٹھکرا دیا۔ چنانچہ سائرس نے تومیرس پر حملہ کر دیا۔ سائرس نے بابل فتح کر کے داریوش کو وہاں اپنا نائب مقرر کیا۔ اس وقت بابل شہر 15 مربع میل رقبہ پر پھیلا ہوا تھا۔
546 قبل مسیح میں سائرس نے لیڈیا کے بادشاہ کروسیسں کو شکست دے کر لیڈین دارالحکومت “سارا دیس” پر قبضہ کر لیا جو بحیرہ ایجئین(Agean) کے نزدیک واقع تھا۔ ایشیائے کو چک میں موجود یونانی شہری ریاستوں سمیت تمام لیڈین علاقے وسعت پذیر ایرانی بادشاہت میں مدغم ہو گئے۔
545 قبل مسیح سے 539 قبل مسیح کے دوران سائرس نے وسطی ایشیا میں اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا اور مشرق میں باختریہ (شمالی افغانستان) اور گندھارا ( شمال مغربی پاکستان کے علاقوں کو اپنی سلطنت کا حصہ بنا لیا۔ ان فتوحات سے فارغ ہو کر اس نے بابل کی مشہور “اشوری” سلطنت کا رُخ کیا۔
540 قبل مسیح میں سائرس کالدی (کلدانی) بادشاہ “نیونیدس” کو گرفتار کرنے کے بعد بائیں میں داخل ہو گیا۔ اس کے باوجود کلدانیوں نے اس حملے کی قدرے مزاحمت کی لیکن سائرس کے سامنے کوئی نہ ٹھہر سکا۔ زیادہ تر لوگوں نے سائرس کی طرف سے دی جانے والی مذہبی آزادی کا خیر مٙقدم کیا۔ کلدانی سلطنت کا خاتمہ 539 قبل مسیح میں ہوا جبکہ 538 قبل مسیح میں سائرس نے یہودیوں کو شہر سے جانے کی اجازت دے دی۔
سائرسِ اعظم کی سلطنت بحیرہ روم کے مشرقی ساحل سے افغانستان کی مشرقی سرحد تک پھیلی ہوئی تھی۔ بلاشبہ وہ اپنے عہد کا سب سے طاقتور شہنشاہ تھا۔ بڑا دانا اور رحمدل فرمانروا تھا اور رعایا کے مذہبی اُمور میں دخل انداز نہیں ہوتا تھا۔ چنانچہ بابل فتح کرنے کے بعد اس نے یہودیوں کو جو بخت نصر کے عہد میں گرفتار ہو کر آئے تھے یروشلم واپس جانے کی اجازت دے دی اور عراقی شہروں کو ان کے مقدّس بُت واپس کر دیے۔ ان بتوں کو بابل کا بادشاہ اُٹھا لایا تھا۔
انسانی تاریخ کے اس عظیم فرمانروا کو 530 قبل مسیح میں افغانستان کے شمال میں سیتھیا قوم کے خانہ بدوش قبیلے کے کچھ ارکان نے قتل کر دیا۔ جن کی سرکُوبی کے لیے سائرس کوشاں تھا۔ قاتل لاش بھی ساتھ لے گئے جسے بعد ازاں زبردستی حاصل کر کے قدیم ایرانی دارالحکومت سارگاہ میں دفن کر دیا گیا۔
اِبنُ الاٙشرٙف