یہ نہیں معلوم کوئی زینتِ آغوش ہے ؛
یہ نہیں معلوم کوئی زینتِ آغوش ہے
بے نیازِ ہوش، کتنا بے نیازِ ہوش ہے۔
عرضِ حالِ دل کا اُس کی بزم میں اِک جوش ہے
دفترِ صٙد آرزو گویا لبِ خاموش ہے۔
ساقی آنکھوں میں تری وہ بادہِ سر جوش ہے
اِک نظر میں میکدہ کا میکدہ بے ہوش ہے۔
روزِ وصلِ یار ہے کیسی قیامت، حشر کیا؟
ذرہ ذرہ آج پھیلائے ہوئے آغوش ہے۔
ایسے کھوئے ہیں کہ اپنا ہے نہ بیگانے کا ہوش
فکرِ فردا ہے نہ مستوں کو خیالِ دٙوش ہے۔
جلوہ گاہِ ناز کے پردوں کا اٹھنا یاد ہے
پھر ہُوا کیا اور کیا دیکھا یہ کس کو ہوش ہے۔
عرصہ محشر میں اک طوفان برپا کر دیا
قطره خونِ دلِ عاشق میں کتنا جوش ہے۔
وہ کہیں پِچھلے پہر آئیں گے بہرِ فاتحہ
شام ہی سے آج تو شمعِ لحد خاموش ہے۔
ان کے رُخ سے پردہ اُٹھ جائے تو پھر معلوم ہو
کس کو کتنی بے خودی ہے، کس کو کتنا ہوش ہے۔
ایک بیدم ہی نہیں تیار مرنے کے لیے
جو ترے کُوچہ میں ہے اے جاں! کفن بر دوش ہے۔
(بیدم شاہ وارث)
اِبنُ الاٙشرٙف