ملکہ ہٹشی پٹ
انسانی تاریخ کی پہلی حکمران خاتون)
پیدائش : 1508 قبل مسیح (مصر)۔
انتقال: 1458 قبل مسیح (مصر)۔
قدیم مصر میں معاشرتی طور پر خواتین کو معزز مقام حاصل تھا اور وہ اعلیٰ عہدے پر فائز کی جاتی تھیں تاہم مصری اُنہیں بحیثیت حکمران نا پسند کرتے تھے ۔ ملکہ ہٹشی پٹ (Hatshepset) پہلی اور واحد خاتون ملکہ تھی جس نے مصر پر فرعون کی حیثیت سے حکومت کی۔
وہ 18 ویں شاہی خانوادے (سلطنت) کی پانچویں فرعون (حکمران) تھی۔ یہ ایک دوسرے نام Hatasu سے بھی معروف تھی۔ قدیم مصری زبان میں اس کے نام کا مطلب ہے شریفانہ خواتین میں سب سے بڑھ کر ۔ چونکہ اُس کا دٙور اقتدار سب سے زیادہ طویل تھا اس لیے ماہرینِ مصریات اسے طاقتور ترین فرعونیہ (Pharaoh) قرار دیتے ہیں۔
اسے تاریخِ انسانی میں اوّلین ریجنٹ ملکاؤں میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ (ریجنٹ Regent سے مراد وہ نائب السلطنت جو بادشاہ کی طفولیت، غیر حاضری یا نا اہلیت کے باعث عارضی انتظامِ حکومت سنبھال لے۔)
ملکہ ہٹشی پٹ، تھوتمس اوّل (Thotmes) اور ملکہ آہاموس کی پہلی اولاد تھی۔ یہ دونوں اٹھارویں سلطنت میں تھوتمس قبیلے کے پہلے بادشاہ اور ملکہ ہیں۔
1493 قبل مسیح میں تھوتمس اوّل چل بسا تو اس کا بیٹا تھوتمس دوم تخت پر بیٹھا۔ یہ ہٹشی پٹ کا سوتیلا بھائی تھا۔ جلد ہی ہٹشی پٹ نے اپنے سوتیلے بھائی سے شادی کر لی اور عظیم شاہی بیوی کا خطاب پایا۔ تھوتمس دوم 13 سال تک فرعون رہا۔ ملکہ اپنے شوہر پر بہت زیادہ اثر رکھتی تھی ۔ 1479 قبل مسیح میں تھوتمس دوم بھی چل بسا۔ مرنے سے قبل اس نے اپنے بیٹے کو ولی عہد بنایا۔ اوّل تو وہ کم عمر تھا ، دوم وہ “عظیم شاہی ملکہ” نہیں بلکہ چھوٹی ملکہ کے بطن سے تولد ہوا تھا اس لیے ہٹشی پٹ اس کی ریجنٹ بن کر مصر پر حکمرانی کرنے لگی۔ اس نے سب کی مخالفت کے باوجود حکومت پر قبضہ کر لیا۔ ماہرین کے مطابق وہ پھر اگلے 20 سے 25 برس تک مصر کے سیاہ و سفید کی مالک بنی رہی۔
1473 قبل مسیح میں ہٹشی پٹ نے خود کو فرعون قرار دے دیا اور اپنا لقب “ماتخرے” رکھا۔ جس کے معنی ہیں سورج کی روح میں پوشیدہ روح ۔ مزید براں تخت نشین ہونے کے بعد اس نے مردانہ نام “Hatshepsu“ رکھ لیا۔ اس کی خوش قسمتی تھی کہ اسے عقلمند و دانا مشیر اور وزیر میسّر آئے۔ ملکہ نے بٙرسرِاقتدار آ کر وہ تجارتی راستے بحال کرائے جو 17 ویں صدی قبل میں ہکسوس قبائل کے حملوں سے بند ہو گئے تھے۔ یوں تجارت میں اضافے سے وہ خزائن جمع ہونے لگے جنکی وجہ سے 18 ویں سلطنت شہرت رکھتی ہے۔ اس نے مصر میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا۔ اس کے علاوہ تعمیراتی کاموں کی بھی حوصلہ افزائی کی ۔ ملکہ نے مشرقی افریقہ کی طرف ایک بڑی بحری مہم بھجوانے کے انتظام کیئے۔ یہ بحری مہم پانچ جہازوں پر مشتمل تھی ہر جہاز ستر فٹ لمبا تھا اور ہر جہاز میں 210 آدمی سوار ہوئے ۔ یہ مہم کامیاب ہوئی۔ فوجی اپنے ساتھ کئی تحفے لائے مثلاً Myrh عطر جو ملکہ کو بہت پسند تھا۔ مصری اپنے ساتھ بخور درختوں کے پودے بھی لائے ۔ انہیں دورانِ سفر خصوصی ٹوکریوں میں رکھا گیا تھا تا کہ وہ مرجھانے نہ پائیں۔ تاریخی ریکارڈ کے مطابق اپنے ملک میں کوئی غیر ملکی پودا لگانے کی یہ پہلی کوشش تھی۔ ملکہ نے یہ پودے اس عالی شان معبد(ٹمپل) میں لگوائے جو اس نے دیرالبحری کے مقام پر بنوایا تھا۔
ملکہ نے سوڈان، شام اور عراق کی طرف فوجی مہمات بھجوائیں۔ اس نے شکاریوں کی کئی مہمیں جنوبی عرب کی طرف بھی روانہ کیں جو کہ وہاں خزانہ لوٹنے گئے تھے۔ ملکہ نے اپنے طویل دورِ حکومت میں فوجی سرگرمیوں کو فروغ دیا وہ ملکی معاملات میں بھی گہرا تجربہ رکھتی تھی۔ اس کے دورِ حکومت میں بہت سی جنگی فتوحات بھی شامل ہیں۔ اُس نے باقاعدہ تنخواہ پر ایک فوج تیار کر رکھی تھی۔ اِسی بِنا پر ملکہ نے مصر کو ایک بڑی طاقت کے طور پر متعارف کرایا۔ ملکہ کو نت نئی عمارات تعمیر کروانے کا بہت شوق تھا اس کے دٙور میں مصر میں ایسی تعمیرات ہوئیں جو اس سے پہلے دنیا میں نہیں ہوئی تھیں۔ اس کی شاندار مثال ” کارنک“ کے ٹمپل ہیں۔
ملکہ کی بنوائی ہوئی عمارات میں وہ معبد مردہ خانہ شاہکار کا درجہ رکھتا ہے جو اس نے دیر البحری میں تعمیر کروایا ۔ معبد تین ستونوں پر کھڑا تھا جس کے اوپر برآمدے بھی بنائے گئے ۔ یہ معبد قدیم دنیا کی عظیم عمارات میں شمار کیا جاتا ہے۔
ملکہ ہٹشی پٹ کا دورِ حکومت اس وقت ختم ہو گیا جب اس کے بیٹے اور جانشین تھوتمس سوم نے حکومت کا کنٹرول سنبھال لیا۔
1841ء میں ملکہ کا مقبرہ اس جگہ دریافت ہوا جسے بادشاہ کے مقبرے کی وادی کہا جاتا ہے۔ تھوتمس سوم نے اس کا نام اور اس کے تمام کارنامے اس کے تعمیر کردہ مندر سے ختم کرا دیئے تھے۔
ملکہ کا دورِ حکومت 1479 سے 1458 قبل مسیح تھا۔
اِبنُ الاٙشرٙف💓